اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ ) گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سکولوں کے اوقات کار ایک بار پھر تبدیل کر دیے گئے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شدید موسمی حالات کی وجہ سے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں پیر 27 مئی 2024 سے دوبارہ تبدیلی کی گئی ہے۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے بیان کے مطابق پیر سے جمعہ تک اب سکولوں کے اوقات کارصبح ساڑھے سات سے ساڑھے گیارہ بجے تک ہوں گے، پڑھائی کا یومیہ دورانیہ کم کیے جانے کی وجہ سے فی الحال سکولوں میں روزانہ منعقد ہونے والی اسمبلی اور کھیلوں کا پیریڈ نہیں ہو گا۔
اس سے قبل گرمی کی وجہ سے 20 مئی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسکولوں کے اوقات تبدیل کردیے گئے تھے۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے اسلام آباد میں 20 مئی سے اسکول کے اوقات کار ساڑھے 7 بجے سے ایک بجے تک مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ نئے اوقات موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز تک برقرار رہیں گے۔تاہم اب گرمی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے ایک ہفتہ بعد ہی اوقات کار میں پھر سے تبدیلی کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے ہیں ۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام سکول صبح 7 بجے کھلیں گے ، پرائمری سکولز کی چھٹی 11بجے، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز کی چھٹی دوپہر 12بجے ہوگی ۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن خیبرپختونخوا کے مطابق یہ فیصلہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق پرائمری اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے31اگست تک ہوں گی، جبکہ مڈل، ہائی اورہائیراسکینڈری اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا آغاز15جون سے ہو گا جو31اگست تک جاری رہیں گے ۔
سرمائی علاقوں کے اسکولوں میں تعطیلات یکم جولائی سے31اگست تک ہوں گی۔