اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافہ کر دیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے آئندہ 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی ہے، ڈیزل کی قیمت 10 روپے 39 پیسے اور پیٹرول کی قیمت 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی 272 روپے 98 پیسے جبکہ پیٹرول 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
اس سے قبل نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیزل 20 روپے اور پیٹرول 15 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا تھا، جبکہ حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی جانی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 15 دنوں (16 تا 30 جون) کے دوران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔