کوئٹہ( نئی تازہ مانیٹرنگ) بلوچستان میں نوشکی کے علاقہ میں نا معلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سےتفتان جانے والی بس میں سوار 9 مسافروں کوقتل کر دیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق نوشکی کے مقام پر قومی شاہراہ پرمسلح افراد نے کوئٹہ سےتفتان جا نے والی بس سے 9 مسافروں کو اغوا کر لیا اور انہیں پہاڑوں کی جانب لے گئے۔
بعد ازاں پولیس اغوا کیے جانے والے 9 مسافروں کی لاشیں پہاڑی کے قریب واقع پل کے نیچے سے ملیں، مرنے والوں کا تعلق پنجاب کے علاقہ منڈی بہاؤ الدین،گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے بتایا گیا ہے۔
نوشکی میں ایک اور واقعہ میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسٰی خیل نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ کو بند کررکھا تھا انہوں نے ایک بس کو روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر بس پر فائرنگ کر دی۔
ڈپٹی کمشنرکے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ٹائرپھٹ جانے کی وجہ سے گاڑی اُلٹ گئی جس سے اس میں سوار ایک شخص جاں بحق 4 دیگر زخمی ہوگئے، بعد ازاں زخمی ہونے والا ایک شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوگیا۔