لاہور ( نئی تازہ ڈیسک) لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان 2025 کے لیے فیس شیڈول اور تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں انٹرمیڈیٹ (پارٹ سسٹم) پارٹ ون، پارٹ ٹو ، پارٹ ون، ٹو ( کمبائنڈ) اور علوم شرقیہ (پہلا سالانہ امتحان 2025) کےریگولر اور پرائیویٹ امیدواران کی امتحان میں شرکت کے لئے داخلہ فارم مع امتحانی فیس وصول کرنے کا شیڈول بتایا گیا ہے۔
یکم جنوری 2025ء تا 24 جنوری 2025ء سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم وصول کیے جائیں گے آخری تاریخ یعنی 24 جنوری کے بعد دوگنا فیس کے ساتھ فارم جمع ہوں گے۔
دو گنا ( ڈبل) فیس کے ساتھ داخلہ فارم وصول کرنے کی تاریخ 25 جنوری 2025ء تا 3 فروری 2025ء جبکہ 3 تین گنا ( ٹرپل) فیس کے ساتھ داخلہ فارم وصول کرنے کی تاریخ 4 فروری 2025ء تا 12 فروری 2025ء مقرر کی گئی ہے۔
بورڈ کے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے امیدواران جنہیں بورڈ کے کسی بھی فیصلہ کے تحت فیس معافی کی سہولت حاصل ہے ایسی سہولت صرف سنگل فیس کے شیڈول تک محدود ہے، سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ گزر جانے کے بعد وہ بھی دیگر امید واران ( پرائیویٹ یا ریگولر ) کی طرح شیڈول کے مطابق امتحانی فیس مع دیگر واجبات جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ امتحان کے لیے داخلہ صرف انٹرنیٹ آن لائن سٹم کے ذریعے ہی ہو گا۔ لہذا امتحان میں شرکت کے خواہشمند طلباء و طالبات بور ڈکی ویب سائیٹ www.biselahore.com سے رجوع کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانی فیس کی ادائیگی کے لیے صرف آن لائن کمپیوٹرائزڈ داخلہ فارم ہی استعمال کرنا ہوگا۔ لہذا شیڈول کے مطابق امتحانی فیس ، پروسیسنگ فیس. اسپورٹس فیس، اسکالر شپ فیس / ڈویلپمنٹ فیس یا سرٹیفکلیٹ فیس صرف آن لائن داخلہ فارم پر ہی جمع کرائیں ۔
بورڈ نوٹیفکیشن کے مطابق حبیب بنک لمیٹڈ HBL بورڈ برانچ کے علاوہ حبیب بنک لمیٹڈ کی تمام برانچیں امتحانی فیس اور داخلہ فارم جمع کرنے کی مجاز ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ 12 فروری 2025ء کے بعد کوئی داخلہ فارم وصول نہیں کیا جائے گا۔ داخلہ فارمز کی وصولی کا شیڈول بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔
ریگولر امید وارجو 2025ء میں جماعت گیارہویں کا امتحان دے رہے ہیں ان سے سپورٹس فیس ، رجسٹریشن فارم کے ساتھ وصول ہو چکی ہے اس لیے وہ داخلہ فارم کے ساتھ سپورٹس فیس سے مستثنٰی ہیں ۔ تاہم پرائیویٹ امیدوار گیارہویں جماعت کی داخلہ فیس کے ساتھ سپورٹس فیس بھی ادا کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہوربورڈ کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ (پارٹ سسٹم ) پارٹ ون ،پارٹ ٹو اور پارٹ ون، ٹو کمبائنڈ اور علوم شرقیہ ( پہلے سالانہ ) امتحان 2025ء کے لیے امتحانی فیس کی شرح یہ ہے۔
پارٹ ون سنگل امتحانی فیس 1050 روپے
پارٹ ٹو سنگل امتحانی فیس 1050 روپے
کمبائنڈ سنگل امتحانی فیس 2100 روپے
مذکورہ سنگل فیس تمام امیدوروں کے لیے ہے جن میں سائنس گروپ، آرٹس گروپ ( پریکٹیکل کے ساتھ یا بغیر پریکٹیکل مضامین) امیدوار شامل ہیں، فیس کا یہ شیڈول تمام ریگولراور پرائیویٹ امیدواروں کے لیے ہو گا۔