سرگودھا میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات تقریباً 1:45 بجے سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے نواحی علاقے گلہ پور بنگلہ کے قریب پیش آیا، جہاں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی تھی۔ ایک لوڈر مزدا ٹرک، جس میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 23 افراد سوار تھے، بے قابو ہو کر پل سے نیچے اترتے ہوئے خشک نہر میں جا گرا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک الٹنے کے باعث کئی مسافر اس کے نیچے دب گئے، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دیگر شدید زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اور بعد ازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔ حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق راولپنڈی سے تھا، جو فیصل آباد میں ایک رشتہ دار کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شدید دھند، حدِ نگاہ میں کمی اور تیز رفتاری حادثے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
دوسری جانب محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ مذکورہ نہر وارہ بندی کے باعث بند تھی، جس کی وجہ سے اس میں پانی موجود نہیں تھا۔
پولیس اور ریسکیو ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔



