برطانوی لیگ دی ہنڈریڈ ڈرافٹ میں تین پاکستانی کرکٹرز کی 10 کروڑ روپے بولی لگ گئی ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عماد وسیم کو فرنچائزز نے اپنی ٹیموں میں شامل کرلیا۔
برطانوی لیگ دی ہنڈریڈ کیلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں اس بار پاکستان سے صرف تین پلیئیرز کو فرنچائزز نےخریدا، جن میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اورعماد وسیم شامل تھے۔
نسیم شاہ کو برمنگھم فینکس نے ایک لاکھ 25 ہزار یورو ( 3 کروڑ 77 لاکھ پاکستان روپے سے زائد) میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ۔
حالیہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم دوسرے مہنگے پاکستانی کھلاڑی رہے جنہیں ٹرینٹ راکٹس نے ایک لاکھ پاؤنڈز (3 کروڑ 53 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
گزشتہ سیزن میں ویلش فائر کی طرف سے کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی کو ویلش فائر نے ہی ایک لاکھ یورو ( 3 کروڑ 1 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں پھر سے ٹیم کا حصہ بنایا۔
واضح رہے کہ نامور بین الاقوامی کرکٹرز جیسن رائے، ڈیوڈ وارنر، ٹم ڈیوڈ، اور شکیب الحسن کو اس مرتبہ کسی فرنچائز نے اپنی ٹیم میں شامل نہیں کیا۔
یاد رہے کہ رواں برس ویلش فائر نے حارث رؤف اوراسامہ میر کو مانچسٹر اوریجنل نے اپنی ٹیم کے لیے برقراررکھا تھا۔