راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) راولپنڈی ڈویژن میں اسموگ کی شدت میں کمی اور ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کے بعد منگل 19 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 19 نومبر 2024 سے راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولے جائیں گے، اور تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔ کمشنر راولپنڈی نے ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کے پیش نظرڈویژن بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت کے باعث 7 سے 17 نومبر تک صوبے کے 18 اضلاع میں سرکاری اور نجی سکینڈری اور ہائر سکینڈری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم بعد میں پنجاب میں اسموگ کی بد ترین صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھانے کا اعلان کر دیا گیا ، اور صوبائی حکومت نے تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 24 نومبر تکتعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
تاہم اب راولپنڈی ڈویژن میں اسموگ کی شدت میں کمی کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے 19 نومبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔