پنجاب حکومت نے “ہونہار انڈرگریجویٹ اسکالرشپ” پروگرام کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا، دوسرے سیمسٹر میں 3.0 سے کم کمیولیٹیو گریڈ پوائنٹ ایوریج (CGPA) حاصل کرنے والے طلباء سے اسکالرشپ واپس لے لی جائے گی۔ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف فنانس کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، یہ فیصلہ اسکالرشپ پروگرام کے فیز ون کے تحت آنے والے طلباء پر لاگو ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکالرشپ برقرار رکھنے کے لیے طلباء کو دوسرے سیمسٹر کے اختتام پر کم از کم 3.0 CGPA حاصل کرنا ہوگا۔ جو طلباء اس معیار پر پورا نہیں اتریں گے، اُن کی نہ صرف اسکالرشپ ختم کردی جائے گی بلکہ ممکنہ طور پر پہلے سے دی گئی رقم بھی واپس وصول کی جائے گی۔
یہ اقدام تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے اور اسکالرشپ کے حقدار مستحق طلباء کو فائدہ پہنچانے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔